کراچی : سندھ حکومت نے ماہ رمضان سے قبل ہی شہریوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لیا، آٹے کی فی کلو قیمت کا تعین کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کردیا، جس کے بعد آٹے کی فی کلو ریٹیل قیمت 8 روپے اضافے سے 107 روپے کلو مقرر کردی گئی ہے جب کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہوگا۔
کمشنر کراچی نے آٹے کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس اطلاق فوری طور پر ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے10کلو آٹے کا تھیلا80روپے مہنگا کردیا۔
آٹے کی ریٹیل قیمت107فی کلو، 10 کلو آٹا کا تھیلا 1070روپے کا ہوگا، آٹے کی ایکس مل قیمت104روپے فی کلو،10کلو کا تھیلا1040روپے کا ہوگا۔
کمشنر کراچی نے دسمبر2025 میں آٹے کی قیمت99روپے فی کلو مقرر کی تھی، انتظامیہ شہر قائد میں آٹے کو سرکاری قیمت پر فروخت کرانے میں ناکام ہوگئی۔
ریٹیل دکانوں پر عوام کو سرکاری ریٹ پر کہیں بھی آٹا دستیاب نہیں، ریٹیل دکانوں پر 1 کلو آٹا 125 روپے،10کلو کا تھیلا1250روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ کراچی میں چکی کے آٹے کا ریٹ140 روپے فی کلو ہے۔
مزید پڑھیں : آٹے کا بحران : فلور ملز ایسوسی ایشن نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کراچی میں ایک بار پھر آٹے کا بحران پیدا ہوگیا تھا، فلور ملز ایسوسی ایشن نے کراچی میں آٹے کی قلت اور زائد قیمتوں میں اضافے کی خطرے کی گھنٹی پہلے ہی بجا دی تھی۔
فلور ملز ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر سندھ حکومت نے فوری طور پر گندم کی فراہمی کا مسئلہ حل نہ کیا تو شہر میں آٹے کی قیمتیں قابو سے باہر ہو سکتی ہیں۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن جنید عزیز نے کہا تھا کہ کراچی میں روزانہ ایک لاکھ بوری گندم کی ضرورت ہے، لیکن اس وقت شہر کو صرف تقریباً پچاس ہزار بوری فراہم کی جا رہی ہیں۔



