ممبئی (19 مارچ 2026): ایمیزون پرائم ویڈیو کی تقریب میں فلمسازوں کی جانب سے فلم ’مرزاپور: دی مووی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق مرزاپور کے اصل اداکار بشمول پنکج ترپاٹھی، دیویندو شرما اور علی فضل ایک بار پھر اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں لیکن اس بار وہ ایک مکمل فیچر فلم میں نظر آئیں گے۔
ممبئی میں منعقدہ ایمیزون پرائم ویڈیو کی ایک تقریب میں فلمسازوں کی جانب سے ’مرزاپور: دی مووی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔ تقریب کے دوران رواں سال ریلیز ہونے والی 55 فلموں اور سیریز کی فہرست پیش کی گئی جس میں مرزاپور سب سے نمایاں رہی۔
View this post on Instagram
پرائم ویڈیو کے مطابق مرزاپور: دی مووی 4 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے بارے میں اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے علی فضل نے کہا کہ بہت زیادہ مزہ آنے والا ہے، ہم پہلے ہی شوٹنگ مکمل کر چکے ہیں اور ہمیں بہت مزہ آیا۔
فلم کے پروڈیوسرز رتیش سدھوانی اور فرحان اختر ہیں جبکہ ہدایت کاری گرمیت سنگھ نے کی اور اس کی کہانی پنیت کرشنا نے لکھی ہے۔
کاسٹ میں علی فضل، پنکج ترپاٹھی، دیویندو شرما، جتیندر کمار، روی کشن، ابھیشیک بنرجی، رسیکا ڈگل، شویتا ترپاٹھی، شریا پلگاؤںکر، ہرشیتا گور، سشانت سنگھ، موہت ملک اور دیگر شامل ہیں۔ اتنی بڑی کاسٹ کی وجہ سے اسے سال کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
توقع ہے کہ یہ فلم پوروانچل کی اس جرائم پیشہ دنیا کو مزید وسعت دے گی جو سیریز میں دکھائی گئی تھی۔ فلم میں قالین بھیا، گڈو پنڈت اور منّا بھیا جیسے مرکزی کرداروں کے درمیان طاقت کی جنگ اور دشمنی دکھائی جائے گی۔



