راولپنڈی (5 ستمبر 2025): سول لائنز پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے مبینہ جنسی زیادتی کرنے والے اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اشتہاری ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ خاتون سے مبینہ جنسی زیادتی کی تھی، وہ سال 2024 سے سول لائنز پولیس کو مطلوب تھا، اس کے ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے بتایا کہ اشتہاری ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
گزشتہ روز ضلع قصور میں 5 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا جبکہ ملزم نے گرفتاری کے ڈر سے خودکشی کی۔
یہ بھی پڑھیں: 11 سالہ بچی سے زیادتی کے مجرم کو بڑی سزا سنا دی گئی
پولیس کے مطابق نور فاطمہ کی بوری بند لاش گھر کے قریب زیر تعمیر مکان سے ملی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔
پھول نگر کی بچی ایک روز پہلے کھیلتے ہوئے لاپتا ہوئی تھی جس کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بچی کی لاش ملنے پر ڈی پی او قصور موقع پر پہنچے اور انہوں نے سرکل کے تمام ایس ایچ اوز کو طلب کیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیموں نے اولکھ بونگا میں 25 مشکوک افراد سے تفتیش کی جس کے بعد پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور سائنٹیفک بنیادوں پر 19 سالہ واصف کو ٹریس کیا۔
پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزم نے گرفتاری کے ڈر سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔



