لاہور (15 جون 2026): پنجاب پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور قابلِ اعتراض مواد کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے شہریوں سے فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایسے مواد کی فوری نشاندہی اور اسے رپورٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ عوامی آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض مواد معاشرتی ہم آہنگی اور امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، لہٰذا تمام شہری ایسے مواد کو نظر انداز کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی شہری کو فیس بک، ایکس (ٹوئٹر)، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، واٹس ایپ یا دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد نظر آئے تو وہ فوری طور پر پنجاب پولیس کی فراہم کردہ واٹس ایپ ہیلپ لائنز پر اس کی اطلاع دیں۔
پنجاب پولیس نے اس مقصد کے لیے دو واٹس ایپ نمبرز 0307-3087777 اور 0307-3097777 جاری کیے ہیں، جہاں شہری اسکرین شاٹس، لنکس یا دیگر متعلقہ معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کا تعاون معاشرے میں برداشت، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ادارے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ “امن میں اپنا کردار نبھائیں” اور نفرت انگیز مواد کے خلاف اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
پنجاب پولیس کے مطابق نفرت انگیز مواد کی بروقت نشاندہی سے نہ صرف ممکنہ انتشار کو روکا جا سکتا ہے بلکہ ایک محفوظ، پرامن اور خوشحال پاکستان کے قیام میں بھی مدد مل سکتی ہے۔



