کیلیفورنیا : نیٹ فلکس نے 38 سال پرانا زخم تازہ کردیا، دنیا کے ہولناک ترین فضائی سانحے ’دی بامبنگ آف پین ایم 103‘ پر مبنی سیریز کا ٹریلر جاری کرکے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
نیٹ فلکس کی نئی سیریز نے ریلیز سے پہلے ہی توجہ حاصل کرلی ’دی بامبنگ آف پین ایم 103‘ کا ٹریلر جاری ہوتے ہی چھا گیا 38 سال پرانا المیہ پھر موضوعِ بحث بن گیا۔ حقیقی واقعے پر مبنی سنسنی خیز سیریز میں تفتیش کے انکشافات پہلی بار نئے انداز میں سامنے آئیں گے۔
دنیا کے ہولناک ترین فضائی سانحات میں شمار ہونے والے لوکربی بم دھماکے کی کہانی ایک بار پھر اسکرین پر آنے کے لیے تیار ہے۔
اس بار اس دردناک واقعے کو عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس اپنی نئی محدود سیریز ’The Bombing of Pan Am 103‘کے ذریعے دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچا رہا ہے۔
چھ اقساط پر مشتمل یہ سیریز 1988 میں پیش آنے والے اس المناک واقعے پر مبنی ہے جس میں پین ایم فلائٹ 103اسکاٹ لینڈ کے قصبے لوکربی کے اوپر بم دھماکے سے تباہ ہوگئی تھی، جبکہ جہاز میں سوار تمام 270 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق حال ہی میں جاری ہونے والے ٹریلر نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے، ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ سیریز نہ صرف بڑے پیمانے پر فلمائی گئی ہے بلکہ اس میں جذباتی گہرائی اور سنسنی خیز تفتیشی پہلوؤں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
سیریز میں معروف اداکار کونر سوِنڈلز پولیس افسر ایڈ میک کَسکر، پیٹرک جے ایڈمز ایف بی آئی ایجنٹ ڈک مارکیز اور میریٹ ویور کیتھرین ٹرمن کے کردار میں نظر آئیں گے۔
اس کے علاوہ پیٹر مولن، ٹونی کرن، ایڈی مارسن، فِلس لوگن، لارین لائل اور ڈگلس ہوج بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ماضی میں بننے والی لوکربی سانحے پر مبنی ڈرامائی پیشکشوں کے برعکس متاثرہ خاندانوں کے بجائے تفتیشی ٹیموں کی جدوجہد پر زیادہ توجہ دیتی ہے۔
کہانی اسکاٹ لینڈ میں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے سے شروع ہوتی ہے اور 2000 میں ہونے والے تاریخی مقدمے سے گزرتے ہوئے 2022 میں سامنے آنے والی تازہ فردِ جرم تک پہنچتی ہے۔
مصنفہ گیلین راجر پارک کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صرف ایک سانحہ بیان کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو اپنی تاریخ کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیق کے دوران انہیں خود بھی اس پیچیدہ بین الاقوامی تفتیش کے کئی ایسے پہلوؤں کا علم ہوا جن سے وہ پہلے واقف نہیں تھیں۔
سیریز کی موسیقی اسکاٹ لینڈ کے معروف پوسٹ راک بینڈ موگوائی نے ترتیب دی ہے جبکہ تمام 6اقساط کی ہدایت کاری مائیکل کیلر نے کی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سیریز ایسے وقت میں ریلیز ہو رہی ہے جب اس کیس کے ایک مشتبہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی ابھی تک جاری ہے۔
یہی وجہ ہے کہ تقریباً چار دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ واقعہ محض تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کے لیے آج بھی ایک کھلا زخم سمجھا جاتا ہے۔
’The Bombing of Pan Am 103‘ کی تمام چھ اقساط 30 جولائی کو نیٹ فلکس پر عالمی سطح پر ریلیز کی جائیں گی۔



