اسلام آباد : وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے اعلان کیا ہے کہ حج 2027 کی رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری ہے جبکہ اب تک 80 ہزار سے زائد افراد حج رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ درخواست گزاروں میں 47 ہزار مرد اور 33 ہزار خواتین شامل ہیں۔ رجسٹریشن کرانے والوں کی اکثریت کی عمریں 25 سے 50 سال کے درمیان ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار سے زائد پی ایچ ڈی، 17 ہزار ماسٹرز ڈگری ہولڈرز، 21 ہزار بیچلرز اور 12 ہزار سے زائد انٹرمیڈیٹ تعلیم یافتہ افراد بھی حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن سرکاری حج اسکیم کے دوران جاری رہے گی۔ خواہشمند افراد آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کرسکتے ہیں۔
حکام کے مطابق بروقت رجسٹریشن آئندہ حج انتظامات اور کوٹے کی تقسیم کے عمل میں اہم کردار ادا کرے گی۔



