اسلام آباد : مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور ترکیہ وزیر خارجہ حاقان فیدان اسلام آباد پہنچ گئے، وزراء خارجہ اہم اجلاس میں شرکت کیلیے پاکستان پہنچے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں جو خطے کی صورتحال پر ہونے والے 4 فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ 4 فریقی اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کریں گے، خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مصری وزیر خارجہ کا مذکورہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی، برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، ائیرپورٹ پر ایڈیشنل فارن سیکرٹری سید احمد معروف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
مصری وزیر خارجہ 29سے 30 مارچ 2026 تک اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ اس حوالے سے ترجمان وزارت خارجہ کا گذشتہ روز ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان میں اہم سفارتی سرگرمیوں کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سعودی عرب ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
اس موقع پر تینوں مہمان وزرائے خارجہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے جہاں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان کل سے چار ملکی وزرائے خارجہ کی میزبانی کرے گا



