(26 اپریل 2026): بارات روانہ ہونے سے چند گھنٹے قبل دولہا پُراسرار طور پر موت کے منہ میں چلا گیا جبکہ اس کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دل دہلا دینے والا واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں پیش آیا، متوفی کی شناخت 22 سالہ دیویندر موریہ کے نام سے ہوئی جس کی لاش بازار میں آم کے درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔
اہل خانہ کے مطابق جمعہ کو گھر میں شادی کی تقریب انتہائی دھوم دھام سے منائی گئی، دیر رات تک ناچ گانا اور جشن کا ماحول رہا، رات تقریباً 2 بجے تک جشن منانے کے بعد دولہا اپنے بہنوئی اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ سونے چلا گیا لیکن صبح قیامت ٹوٹ پڑی۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر کی دوسری شادی میں پہلی بیوی کی انٹری پر دولہا اور دلہن فرار
آج صبح مقامی لوگوں نے اطلاع دی کہ دیویندر کی لاش بازار میں ایک درخت سے لٹک رہی ہے، جائے وقوعہ پر پہنچنے والے اہل خانہ اور عینی شاہدین نے کئی سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق لاش درخت سے تقریباً 6 فٹ کی بلندی پر رسی سے بندھی تھی، حیرت انگیز طور پر متوفی کے پاؤں زمین سے لگے اور مڑے ہوئے تھے، دولہا کے ہاتھوں میں مہندی لگی تھی، شادی کیلیے خریدا گیا نیا کوٹ پینٹ گھر پر ہی موجود تھا۔
عینی شاہدین نے کہا کہ جس پوزیشن میں لاش ملی اس سے یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل کا معاملہ معلوم ہوتا ہے۔
مقتول کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی اور وہ خودکشی جیسا قدم ہرگز نہیں اٹھا سکتا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کو قتل کرنے کے بعد درخت سے لٹکایا گیا ہے تاکہ اسے خودکشی کا رنگ دیا جا سکے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فارنزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ ہم تمام پہلوؤں سے معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں، موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔



