اسلام آباد (2 اپریل 2026): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سوشل میڈیا کی آمدن پر انکم ٹیکس وصولی کیلیے متحرک ہوگیا اور اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق سوشل میڈیا سے آمدن پر انکم ٹیکس کے حصول کا طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں سوشل میڈیا کے متعلقین اور ماہرین سے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کر لیں، ایک ہفتے بعد ٹیکس وصولی کا حتمی طریقہ کار طے ہوگا۔
ایف بی آر نے کہا کہ مقررہ مدت میں موصول ہونے والے اعتراضات اور تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا، سوشل میڈیا سے آمدن پر ٹیکس کیلیے خصوصی طریقہ کار شق 99 سی کے تحت لاگو کیا جائے گا، پاکستان میں دیکھے جانے والے سوشل میڈیا پر انکم ٹیکس وصولی کا طریقہ کار شامل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کے لیے خطرے کی گھنٹی : ٹیکس ہدف میں 200 ارب روپے کی کمی کا خدشہ
حکام کے مطابق پاکستان سے ویورشپ اور سبسکرائبرز سے آمدنی لینے والے غیر رہائشی بھی انکم ٹیکس دیں گے، ایک مالی سال میں 50 ہزار ویوز والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو کاروبار تصور کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک سہ ماہی میں 12 ہزار 500 ویوز بھی کاروبار تصور کر کے ٹیکس لیا جائے گا، یوٹیوب پر 1000 ویوز پر آمدن 195 روپے تصور کرنے کی تجویز ہے۔



