اسلام آباد (21 جون 2026): امریکا اور ایران مذاکرات میں شرکت کیلیے وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سوئٹزر لینڈ روانہ ہوگئے، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ اسلام آباد ایئر پورٹ سے سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوگئے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ایم او یو کے تسلسل میں آج برجن اسٹاک میں تکنیکی سطح کے مذاکرات ہونگے، جس میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شرکت کریں گے۔
پاکستان کی جانب سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے علاوہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیرداخلہ محسن نقوی اور طارق فاطمی بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی تقریب کا نام ’لیک لوزن سمٹ‘ رکھا گیا ہے، تقریب برجن اسکاٹ ریزورٹ میں ہوگی جبکہ تقریب کے مقام پر امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے جھنڈے لگائے گئے ہیں۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی مذاکرات کے لیے آج سوئٹزرلینڈ روانگی متوقع ہے۔
اس حوالے سے امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس آج سوئٹزرلینڈ جائیں گے لیکن روانگی کا وقت معلوم نہیں ہے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وفد مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگیا ہے جس کا نام ’میناب 168‘ رکھا گیا ہے۔
وفد میں باقر قالیباف، عباس عراقچی، اسماعیل بقائی، ایرانی سینٹرل بینک کے گورنر بھی شامل ہیں۔ ایران کے نائب وزیر پیٹرولیم بھی سوئٹزرلینڈ روانہ ہوئے ہیں جہان مفاہمتی یادداشت کے تحت حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع ہوں گے۔



