گوگل کو صارف کے رویے میں بڑی تبدیلی کا سامنا ہے کیونکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) نے آن لائن معلومات تلاش کرنے کے طریقے کو بدل کر رکھ دیا ہے۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق گوگل کو اب دوہرے چیلنج کا سامنا ہے ایک طرف تو اسے ChatGPT جیسے AI سے چلنے والے چیٹ بوٹس سے بڑھتے ہوئے مقابلے کا سامنا ہے جو ہر ماہ 1 ارب سے زیادہ فعال صارفین (active users) کی حد پار کر چکا ہے۔
صارفین کی بڑھتی ہوئی ترجیح کی وجہ سے ChatGPT اب ایپل کے iOS پر سب سے بہترین مفت ایپ کے طور پر پہلے نمبر پر ہے جبکہ اینتھروپک (Anthropic) کا ‘کلاڈ’ (Claude) آٹھویں نمبر پر موجود ہے جو گوگل کی اپنی جیمنائی (Gemini) ایپ سے صرف ایک درجہ پیچھے ہے۔
سرچ کمپنی (گوگل) کے لیے یہ تبدیلی دو طرفہ چیلنج لائی ہے۔ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو زیادہ ذہین جوابات کی تلاش میں ہیں اور انہوں نے AI چیٹ بوٹس پر بھروسہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ دوسری طرف ایسے لوگوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے جنہوں نے AI ٹیکنالوجی پر مبنی سرچ کو مسترد کرنا شروع کر دیا ہے۔
ڈک ڈک گو (DuckDuckGo) جو کہ صارف کی پرائیویسی پر توجہ مرکوز کرنے والا سرچ انجن ہے اس نے “No-AI” (AI کے بغیر) سرچ اور براؤزر ایکسٹینشنز فراہم کر کے AI کی اس مخالفت کا فائدہ اٹھایا ہے، کمپنی کے مطابق اس کی انسٹالیشن کی شرح میں ہفتہ وار 40 فیصد تک اضافہ ہو رہا ہے، اور مئی میں گوگل کی I/O کانفرنس کے بعد تو یہ اضافہ 75 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
یہ پڑھیں: مصنوعی ذہانت (اے آئی) ملازمتیں ختم نہیں کرے گی لیکن ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !! بڑی حقیقت سامنے آگئی
صارفین گوگل کیوں چھوڑ رہے ہیں؟
گوگل اس وقت AI کے چاہنے والوں اور AI سے نفرت کرنے والوں کے درمیان پھنس کر رہ گیا ہے جو صارفین AI کو ترجیح دیتے ہیں وہ چیٹ بوٹس کا زیادہ استعمال کرتے ہیں کیونکہ یہ سرچ رزلٹس کو چھاننے کے بجائے بات چیت کے انداز میں اور زیادہ مؤثر طریقے سے معلومات فراہم کرتے ہیں۔
دوسری طرف، جو صارفین AI استعمال نہیں کرنا چاہتے انہیں گوگل کی طرف سے ‘AI Overviews’ اور ‘AI Modes’ کو زبردستی شامل کرنا دخل اندازی محسوس ہوتا ہے۔
سی ای او سندر پچائی نے حال ہی میں یہ بات شیئر کی ہے کہ لوگ اس ٹیکنالوجی کی وجہ سے آنے والی بے مثال تبدیلیوں پر “حق بجانب” طور پر فکر مند ہیں۔
اس تبدیلی سے پبلشرز (ویب سائٹ مالکان) بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ گوگل پر ہونے والی تقریباً 68 فیصد سرچز ایسی ہوتی ہیں جن میں صارف کسی بیرونی ویب سائٹ پر ایک بار بھی کلک نہیں کرتا۔
سرچ انجن انڈسٹری میں اب بھی 90 فیصد شیئر کے ساتھ گوگل کی حکمرانی ہے اور گزشتہ سال کے دوران اس کے شیئر کی قیمت میں دگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ لیکن جیسے جیسے لوگ ChatGPT کے جوابات اور DuckDuckGo کی پرائیویسی کو چن رہے ہیں گوگل کی سلطنت میں پڑنے والی ان دراڑوں کو اب مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔



