spot_img

ذات صلة

جمع

گوادر کے خوبصورت ساحلی مقامات جو دیکھنے والوں کو مسحور کردیں

گوادر : کراچی سے 300 میل کے فاصلے پر ایرانی سرحد کے قریب بلوچستان کا ساحلی علاقہ گوادر جسے گہرے پانی  کی قدرتی بندرگاہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

یہاں پر قائم گولڈن پوائنٹ اور ساؤتھ پارک خوبصورت ساحلی اور تفریحی میں مقامات میں سے ہیں، نیلگوں سمندر، ٹھنڈی ہوائیں اور پُرامن ماحول پر مشتمل یہ مقامات صاف ستھرے اور محفوظ مقامات فیملیز کے لیے ایک پرکشش سیاحتی مقام ہے۔

گولڈن پوائنٹ 

گوادر کا “گولڈن پوائنٹ” ساحلِ مکران پر واقع ایک انتہائی خوبصورت اور منفرد قدرتی مقام ہے، جہاں بحیرہ عرب کا نیلا پانی اور ریت کے سنہری ٹیلے آپس میں ملتے ہیں، یہ خوبصورت ساحل سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز ہے۔

یہاں آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے قدرتی حسن، صاف ساحل اور بچوں کے لیے تفریحی سہولیات کے باعث اس کو فیملیز کے لیے بہترین مقام قرار دیا ہے۔

گوادر کی سیر کرنے والے سیاحوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اپنی وسعت اور قدرتی حسن کے اعتبار سے بے مثال صوبہ ہے، جسے چند دنوں میں مکمل طور پر دیکھا نہیں جا سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ گوادر پہنچتے ہی نیلا سمندر، دور تک پھیلے پہاڑ، ٹھنڈی سمندری ہوائیں اور صاف شفاف ساحل ایسا دلکش منظر پیش کرتے ہیں کہ انسان فطرت کے حسن میں کھو سا جاتا ہے۔

 ساؤتھ پارک

سیاحوں نے بتایا کہ ساؤتھ پارک بیچ نہ صرف اپنی خوبصورتی بلکہ صاف ستھرے اور محفوظ ماحول کی وجہ سے بھی منفرد ہے۔ یہاں بچوں کے لیے جھولے اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام موجود ہے، جس سے یہ مقام فیملیز کے لیے مزید پرکشش بن گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساحل پر پہنچ کر سمندر کی لہروں کی آواز، خوشگوار موسم اور پُرسکون ماحول ذہنی سکون کا احساس دلاتا ہے، جبکہ یہاں کا قدرتی منظر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے نیلے اور سبز رنگوں سے قدرت نے ایک حسین شاہکار تخلیق کیا ہو۔

سیاحوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد اب لوگ بلا خوف و خطر گوادر کا رخ کر رہے ہیں۔ یہ علاقہ اب فیملیز اور دوستوں کے ساتھ پکنک اور سیر و تفریح کے لیے ایک بہترین انتخاب بن چکا ہے۔

spot_imgspot_img