کراچی : جام صادق پل پر تیز رفتار ٹرک نے کار اور موٹر سائیکل کو کچل ڈالا ، جس کے نتیجے میں 2 طلبا سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، جام صادق پل پر تیز رفتار ٹرک نے کار اور موٹرسائیکل کو ٹکر ماری ، جس کے نتیجے میں دو طلبہ سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
زخمیوں کو شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت موٹرسائیکل پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ٹرک ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں کراچی کے علاقے سچل تھانہ کی حدود ال آصف اسکوائر پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں تیز رفتار کوسٹر نے سڑک پار کرتی خاتون اور اس کی بھانجی کو ٹکر مار دی تھی۔
حادثے میں 11 سالہ بچی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کی خالہ زخمی ہوئی تھی ، پولیس نے بتایا تھا جاں بحق بچی کی شناخت رحیمہ کے نام سے ہوئی ہے، جسے شدید چوٹیں آنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔



