پی ایس ایل 11 کے 35ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 200 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کپتان ڈیوڈ وارنر 44 گیندوں پر 63 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، خوشدل شاہ نے 14 گیندوں پر 44 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 5 چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
معین علی 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سلمان علی آغا 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اعظم خان نے بھی 14 رنز بنائے۔جیسن رائے نے 9 اور ریزا ہینڈرکس نے 10 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے 4 اوور میں 51 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے، عبید شاہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔
عبداللہ شفیق نے 36 گیندوں پر 62 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، فخر زمان 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اوپنر محمد فاروق 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، چرتھ اسالانکا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ڈینئل سیمز 20 رنز بناسکے اور سکندر رضا 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے معین علی نے دو اور رضوان اللہ اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر شاہین آفریدی الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک عام میچ جیسا ہے، یہ بات ضروری ہے کہ ہمیں بہترین کھیل کھیلنا ہوگا اور جیتنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، گزشتہ میچ میں اچھی کرکٹ کھیلی لیکن جیت نہ سکے۔
View this post on Instagram
قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، کوشش کریں گے کہ میدان میں تگڑا مقابلہ ہو۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل 11 میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ راولپنڈیز کی ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔



