اسلام آباد : نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ آنے والے دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران نے مذاکرات کے لیے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ان کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کرنے پر خوشی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فریقین کے درمیان بامقصد مذاکرات کی سہولت کاری کرے گا، امن کے لیے مذاکراتی کی میزبانی پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مشکل حالات میں مسلم اٴْمہ کا اتحاد نہایت اہم ہے تاکہ مشترکہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
موجودہ علاقائی صورتحال پر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان ہونے والے مشاورتی اجلاس میں تفصیلی اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی، اور خطے میں جاری تنازعات کے جلد اور مستقل خاتمے پر زور دیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کے دورے پر آنے والے تینوں وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں انتہائی مثبت اور مفید رہیں۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چار ملکی مشاورتی عمل کا دوسرا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے شرکت کی۔



