پشاور : کسٹمز انفورسمنٹ پشاور نے 19 نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں سمیت 19 کروڑ سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ پشاور نے گزشتہ دس دنوں کے دوران انسدادِ اسمگلنگ کارروائیوں میں 19 نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں سمیت تقریباً 19 کروڑ 70لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان تحویل میں لے لیا۔
ضبط کی جانے والی 19 این ڈی پی گاڑیوں میں ٹویوٹا لینڈ کروزر، ایکوا، ٹیوٹا وِٹز،فیلڈر، ہونڈا ویزل، گریس، لینڈ روور اور جمنی جیپ شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 11 کروڑ روپے ہے۔
اس کارروائی سے گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، اس کے علاوہ کسٹمز انفورسمنٹ نے تقریباً 8کروڑ 76 لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان بھی ضبط کیا جس میں چاندی کی سلاخیں، کپڑا، کالی چائے، سگریٹ، سگریٹ پیپر، ادویات اور آٹو پارٹس شامل ہیں۔
یہ کارروائیاں اسمگلنگ کی روک تھام، قومی محاصل کے تحفظ اور مؤثر بارڈر کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے جاری سخت انفورسمنٹ اقدامات کا حصہ ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
علاوہ ازیں ایف بی آر حکام نے بتایا ہے کہ کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی نے27کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔
چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد کی اطلاع پر چیک پوسٹ خورخیرہ کے عملے نے کارروائی کے دوران 109.5 کلوگرام چرس برآمد کی۔
ایف بی آر کے مطابق اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، منشیات اور استعمال ہونے والی گاڑی تحویل میں لے لی گئی، مزید تفتیش جاری ہے۔



