اسلام آباد (17 اپریل 2026): وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے ہونے کی صورت میں دستخط کی تقریب میں دونوں ممالک کے صدور کی پاکستان آمد کا امکان ظاہر کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کسی بھی جنگ کا آخری حل مذاکرات کی میز ہوتا ہے، امریکا ایران مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بیرون ممالک میں موجود ہیں، بیک ڈور ڈپلومیسی سے معاملات حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، امید ہے اگلے ہفتے میں مذاکرات نتیجہ خیز مرحلے میں پہنچ جائیں گے، ہو سکتا ہے اگلا ہفتہ معاہدے پر دستخط کی تقریب کا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کیساتھ معاہدے کے قریب ہیں، ڈیل ہو گئی تو اسلام آباد جاؤں گا، ٹرمپ
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی تو ہو سکتا ہے ایرانی اور امریکی صدور مسعود پزشکیان اور ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران مذاکرات کروانے پر بھارت کو بہت دکھ اور بے چینی ہے جبکہ افغانستان میں بھی کچھ لوگ دکھی ہیں، پاکستان میں افغانستان کے کچھ ہمدردوں کو بھی دکھ ہے، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بغض میں کچھ لوگوں کو یہ سب اچھا نہیں لگ رہا۔



