کراچی (14 اپریل 2026): شہر قائد کے علاقے ماڑی پور میں ٹرٹل بیچ پر پولیس کے چھاپے کے دوران مبینہ طور پر گیمبلنگ پارٹی میں ملوث خاتون ادیبہ عرف زبیدہ سمیت 40 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم کارروائی کے بعد برآمد ہونے والی رقم میں بڑے فرق کے باعث پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق 12 اپریل کو ماڑی پور کے علاقے ٹرٹل بیچ پر واقع ایک ہٹ پر چھاپا مارا گیا تھا، جہاں مبینہ طور پر ادیبہ کی زیر سرپرستی گیمبلنگ پارٹی جاری تھی۔ کارروائی کے دوران خاتون سمیت 40 جواریوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والی رقم 2 لاکھ 55 ہزار 500 روپے ظاہر کی گئی ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کی تلاشی کے دوران مجموعی طور پر 48 لاکھ 79 ہزار روپے برآمد ہوئے تھے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اصل برآمد شدہ رقم اور ایف آئی آر میں ظاہر کی گئی رقم کے درمیان نمایاں فرق کے شواہد اعلیٰ پولیس حکام کو بھی مل گئے ہیں۔ اس صورت حال نے برآمدگی میں مبینہ خردبرد کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
کراچی : ٹرٹل بیچ پر خاتون کی سربراہی میں جوے کا اڈہ بے نقاب، انتہائی مطلوب ملزمہ 40 ساتھیوں سمیت گرفتار
مزید برآں، ذرائع کے مطابق ایس ایچ او ماڑی پور پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے برآمد ہونے والی رقم میں سے 46 لاکھ روپے سے زائد کی رقم غبن کی ہے۔ اعلیٰ پولیس حکام اس معاملے کو ماڑی پور پولیس کی ممکنہ بدعنوانی یا غفلت کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں اور مزید تحقیقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔



