پشاور : قبائلی عوام نے افغانستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے بھی آپ کو سبق سکھایا تھا۔
قبائلی عوام نے افغانستان سے دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کا اعلان کر دیا، قبائلی عوام کی جانب سے پشتو میں آڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
قبائلی عوام کا کہنا ہے کہ وطن کی دفاع ہم پر فرض ہے اور ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں، ہم نے پہلے بھی دہشت گردوں کو سبق سکھایا تھا اور ہم اب بھی آپ کو سبق سکھائیں گے۔
بارڈر پر موجود غیور قبائل نے افغانیوں کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ افغان عبوری حکومت کا رویہ باور کرتا ہے کہ وہ بھارت اور فتنہ الخوارج کی سہولت کار بن چکی ہے۔
غیور قبائل کا کہنا ہے کہ ہم افغانستان کے بارڈر پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انشاللہ اپنی پاک افواج کےساتھ مل کر اپنے وطن کا دفاع کریں گے، پاکستان نے طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی کیا اس کا یہ صلہ دیا جا رہا ہے۔
ہم مل کر افغانیوں کو سبق سکھائیں گے،یہ وطن ہمارا ہے اور اس کا دفاع ہمارا فرض ہے، پاکستان کی افواج ہمارے ماتھے کا جھومر اور اس کے شہدا ہمارا فخر ہیں۔
افغان مہمان بن کر آئینگے تو سر پر بٹھائیں گے، حملہ آور بن کر آئیں گے تو جواب گولی سے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا اور متعدد افغان پوسٹوں اور خارجیوں کی تشکیلوں کو بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
پاک افغان بارڈر پر پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعدد افغان فوجی ہلاک



