بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی اپنی آنے والی فلم ’روح‘ کے ساتھ ایک بار پھر ہارر فلموں کی دنیا میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار عمران ہاشمی کی ہارر فلم ’روح‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے جو 2027 میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
پروڈیوسر نے فلم کا پہلا ٹیزر جاری کیا جس کا آغاز اس جملے سے ہوا: “جب ایک لیجنڈ دوبارہ اندھیروں کا رخ کرتا ہے تو ایک بھیانک خواب جنم لیتا ہے۔”
ٹیزر میں تاریک اور خوفناک مناظر دکھائے گئے تھے جن میں جلتا ہوا جنگل، ہوا میں تیرتے ہوئے ہیولے اور اداکار کے چہرے کے تاثرات کے قریبی شاٹس شامل تھے۔
فلم کے ٹیزر میں موسیقی کی ایک جھلک بھی شامل تھی، جو فلم کے میوزیکل ہارر تصور کو نمایاں کرتی ہے۔ اس سے قبل عمران ہاشمی ‘راز: دی مائسٹری کنٹینیوز’، ‘راز 3’، ‘راز ریبوٹ’ اور ‘ایک تھی ڈائن’ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
فلم سازوں کی طرف سے شیئر کیے گئے ایک بیان میں لکھا گیا تھا کہ آپ کو اس کا اندازہ بھی نہیں ہوگا لیکن آپ اسے ہمیشہ محسوس کریں گے۔
میانک شرما اس فلم کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دینے والے تھے جنہوں نے اس سے قبل معروف سیریز ‘بریتھ’ پر کام کیا تھا۔ فلم کا اسکرپٹ وشال کپور کے ساتھ مل کر لکھا گیا تھا جو پہلے بھی ‘لپا چھپی’ اور ‘چھوری’ جیسی ہارر فلموں پر کام کر چکے ہیں۔ یہ فلم ‘وکڈ فلمز’ کے بینر تلے وکرم کھاکھر اور سنی کھنہ نے پروڈیوس کی تھی۔
عمران ہاشمی نے بتایا کہ ہارر، جذبات اور موسیقی کے امتزاج کی وجہ سے اس منفرد تصور نے فوری طور پر ان کا دل جیت لیا، ان کا کہنا تھا کہ روح ایک ایسی فلم ہے جس نے مجھے فوری طور پر متاثر کیا کیونکہ یہ نئے دور کے ہارر، جذبات اور موسیقی کو ایک انتہائی جاندار انداز میں یکجا کرتی ہے۔
واضح رہے کہ عمران ہاشمی اپنی اگلی فلم ‘آوارہ پن 2’ کے لیے بھی تیار ہیں جس کی شوٹنگ حال ہی میں مکمل ہو چکی ہے اور فلم سازوں نے یہ اپڈیٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی اور بتایا کہ یہ 14 اگست کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔



