اسلام آباد میں سیکٹر ایچ نائن کے اتوار بازار میں آگ لگ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سیکٹر ایچ نائن کے اتوار بازار میں لگی آگ نے 70 سے زائد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس پر ریسکیو ٹیمیں قابو پانے میں مصروف ہیں۔
آگ بجھانے کے لیے راولپنڈی سے ریسکیو کی اضافی گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن جائے وقوع پر موجود ہیں۔
بعدازاں ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ آگ پر 75 فیصد قابو پالیا گیا ہے، 9 جگہوں پر آگ لگی 6 پر قابو پالیا گیا ہے تین سیکشنز میں آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں، ریسکیو 1122 راولپنڈی ٹیمز بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں، بازار میں ایل پی جی سلنڈرز کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال پر گزشتہ روز 9 دکانداروں کو گرفتار بھی کیا گیا تھا، بازاروں میں ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔



