پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور نے ای سی ایل سے نام نکالنے اور سفارتی پاسپورٹ کے حصول کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے اور سفارتی پاسپورٹ کے حصول کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں وفاقی حکومت، ڈائریکٹوریٹ جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نادرا، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے سفارتی پاسپورٹ کے اجرا کے لیے متعلقہ محکمے سے رجوع کیا تھا، تاہم محکمے نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کی وجہ سے پاسپورٹ جاری کرنے سے انکار کردیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ علی امین کا نام ای سی ایل اور دیگر رکاوٹوں سے ہٹایا جائے اور انہیں سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کے احکامات دیے جائیں۔



