بھارت کے نوجوان کرکٹر سوریا ونشی کے 10 سالہ بھائی آشیرواد نے بھی سنچری جڑ دی۔
بھارتی کرکٹ میں ’سوریا ونشی‘ سرنیم تیزی سے لوگوں کی توجہ حاصل کررہا ہے جہاں ایک طرف ویبھو پروفیشنل کرکٹ میں کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں وہیں اب سب کی نظریں ان کے چھوٹے بھائی آشیرواد پر لگ گئی ہیں۔
آشیرواد سوریاونشی نے 10 سال کی عمر میں بہار کے ضلع سمستی پور میں مقامی پریکٹس میچ کے دوران شاندار سنچری جڑ دی ہے۔
ان کی اننگز پر کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ سوریاونشی خاندان سے ایک اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے آرہا ہے۔
یہ پڑھیں: ’ویبھو سوریا ونشی، ویرات کوہلی اور ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں‘
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق میچ دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ آشیرواد کی اننگز میں وہی جارحانہ انداز دکھائی دیا جو ویبھو نے آئی پی ایل میں اپنایا تھا۔
کرکٹ اکیڈمی تاجپور کی نمائندگی کرتے ہوئے آشیرواد نے 87 گیندوں پر 103 رنز بنائے جس میں 20 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 118.39 رہا۔
ٹیم کا اسکور 29.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز رہا، ساتھی کھلاڑی شیوم راج نے بھی 52 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ ویبھو سوریاونشی نے آئی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف اورنج کیپ اپنے نام کی بلکہ کئی انفرادی اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔
ویبھو سوریا ونشی کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کے لیے پہلی بار اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ وہ ایشین گیمز کے اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔



