اسلام آباد : ایران کے اسپیکر باقر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، اعلیٰ حکام نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وفد میں باقر قالیباف کے علاوہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وفد کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی استقبال کے موقع پر موجود تھے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کیلئے سہولت کاری جاری رکھے گا،امید ہے تمام فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات میں حصہ لیں گے۔
دوسری جانب ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ محمد باقر قالیباف ایرانی قوم کےنمائندے ہیں، ان کی قیادت میں مذاکرات کی کامیابی کی خواہش ہے۔
محمد رضا عارف کا مزید کہنا ہے کہ ہم مذاکرات کاروں کے حامی ہیں تاکہ وہ مشن کو آگے بڑھاسکیں، یہ مشن انہیں نظام اور بااختیار ایرانی عوام نے سونپا ہے۔



