گیم آف تھرونز کی اداکارہ صوفی ٹرنر نے ’اسٹیل‘ میں بھی بہترین پرفارمنس سے سب کے دل موہ لیے، انکی اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے۔
ہالی ووڈ کی ورسٹارئل اداکارہ صوفی ٹرنر اپنی نئی ہیسٹ تھرلر ’اسٹیل‘ میں بہترین اداکاری پر داد و تحسین سمیٹ رہی ہیں، اسٹیل میں ان کی اداکاری نے شائقین پرگہری چھاپ چھوڑی ہے اور ابتدا سے ہی ان کی متاثر کن اداکاری دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔
صدی کی سب سے بڑی ڈکیتی پر مبنی بنائی گئی تھرلر سیریز میں 29 سالہ اداکارہ نے زارا ڈن کا کردار نبھایا ہے جو بدھ، اکیس جنوری 2026 کو ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی اور کافی پسند کی جارہی ہے۔
زارا نامی خاتون کے گرد گھومتی یہ دلچسپ کہانی 6 اقساط پر مشتمل ہے، خاتون پنشن فنڈ سرمایہ کاری ادارے میں ملازم ہیں اور غیرمتوقع طور پر مجرموں کے ہمراہ اپنے ہی ادارے میں کروڑوں پاؤنڈ کی ڈکیتی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ناقدین سیریز کو کافی متاثر کن قرار دے رہے ہیں، دی ٹائمز کے ٹائمز گلین فیلڈ نے اس تھرلر کو 4 اسٹار دیتے ہوئے سرخی لگائی کہ صوفی کی ہیسٹ تھرلر ٹی وی کو انتہا تک لے جاتی ہے۔
صوفی ٹرنر کے ساتھ سیریز میں آرچی میڈیکوے، جیکب فارچون لوئیڈ، اینڈریو ہاورڈ، ایلی جیمز، جوناتھن سلنگر، ہیری مچل اور تھامس لارکن بھی شامل ہیں، جن کی موجودگی کہانی کو مزید وزن دیتی ہے۔
ناقدین کا ماننا ہے کہ یہ صرف ایک ڈکیتی کی کہانی نہیں بلکہ بہترین تھرلر ہے جو اپنی ہیئت بدلتا رہتا ہے اور ناظر کو نظریں ہٹانے نہیں دیتا اور دیکھنے والوں کو بھرپور تفریح فراہم کرتا ہے۔
دی ٹیلی گراف کی انیتا سنگھ کے مطابق اسٹیل کی پہلی قسط شان دار حد تک تناؤ سے بھرپور ہے، جہاں لندن کے اسکوائر مائل میں ہونے والی ڈکیتی کو نہایت باریکی سے دکھایا گیا ہے۔
مجرموں کے ٹیوب، بس اور ٹیکسی کے ذریعے سٹی کے ملازمین کے لباس میں سفر سے لے کر لفٹ میں نیم خودکار ہتھیار جوڑنے اور پھر ایک پنشن سرمایہ کاری فرم سے اربوں پاؤنڈ لوٹنے تک سب کچھ بہترین طریقے سے فلمایا گیا۔



