گلگت : الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا جس کے تحت پولنگ 14فروری 2026 کو ہوگی۔
الیکشن شیڈول کا اعلان چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کیا، 19دسمبرکو بلدیاتی انتخابات کا پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی22سے26دسمبر2025تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
27دسمبر کو ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی اور 29 دسمبر تا 2 جنوری 2026 تک کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ اپیلیں 3 تا 7 جنوری دائرکی جائیں گی اور 8 تا 12 جنوری تک فیصلے کئے جائیں گے۔
13جنوری کو نظرثانی شدہ فہرست جاری ہوگی اور 14 جنوری کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔ 15 جنوری کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کے دن ووٹنگ کا آغاز 14 فروری 2026 بروز ہفتہ صبح 8 بجے سے ہوگا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
یہ انتخابات یونین کونسلز، ضلع کونسلز، ٹاؤن کمیٹیز، میونسپل کمیٹیزاورمیونسپل کارپوریشنزکے لئے منعقد کئے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20سال سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔
گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔



