کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کا فنڈ کسی کی جیب میں نہیں جانے دیں گے۔
ملیر میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کا فنڈ دو چار فیصد بھی مل رہا ہے تو اس کی نگرانی ہماری ذمہ داری ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی کا فنڈ ایم کیو ایم یا ایم این ایز کا نہیں بلکہ ووٹرز کا ہے، اس کی ایک پائی کسی کی جیب میں نہیں جائے گی۔
متحدہ رہنما نے کہا کہ کراچی جاگ اٹھا ہے یہ جاگے گا تو اس کا مقدر جاگے گا، غریب عوام کے خواب اس شہر اور ایم کیوایم کے ساتھ جڑے ہیں۔
پاکستان کے بدنصیب ایوان میں عوام کی نمائندگی جاگیردار، سرمایہ دار کررہے ہیں، عوام کے بغیر اس ملک کا نظام نہیں چل سکتا۔
ملک بنانے والے ہی اسے چلاسکتے ہیں، پاکستان بنایا تھا،بچایا ہے اور اب چلا کر دکھائیں گے، ہم نے اپنے حصے سے زیادہ کی قربانی دے دی ہے۔
دیہی و شہری تقسیم ختم کرنے کیلئے قربانی دے چکے، اب باری کسی اور کی ہے، کوئی ڈرا دھمکا کر یہ نہ سمجھے کہ ہماری محبت اور لحاظ کمزوری ہے۔
کراچی کھڑا ہوتا ہے تو تخت پلٹ جاتے ہیں اور حکمران تختہ دار پر چلے جاتے ہیں، ووٹ لینے والوں کا کوئی حق نہیں ، سب حق ووٹ دینے والوں کا ہے۔
پاکستان میں ترقی اس شہر اور ایم کیو ایم کی وجہ سے ہے، ہم عوام کے لیے کھڑے نہ ہوئے تو تاریخ کے مجرم کہلائیں گے۔



