کراچی (10 جنوری 2026): کراچی میں پولیس کی غفلت کے باعث انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ملزم اور تفتیشی افسر دونوں فرار ہوگئے ہیں۔
تفتیشی افسر اے ایس آئی عمران رمضان ملزم عبدالرحمان کو کرمنل ریکارڈ بنوانے کیلیے ہتھکڑی لگوا کر گزری تھانے لایا تھا لیکن اس کے بعد 8 جنوری سے دونوں فرار ہیں۔
ملزم عبدالرحمان دو روزہ ریمانڈ پر تھا جسے پولیس نے آج عدالت پیش کرنا تھا۔
پولیس نے گزری تھانے سے ملزم اور تفتیشی افسر کے فرار ہونے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس اہلکاروں کی حراست سے خطرناک ملزم فرار
واضح رہے کہ جنوری 2025 میں گزری پولیس کی حراست سے انتہائی مطلوب ملزم کے فرار کے کیس میں غفلت کے مرتکب ایس آئی او محمد جمن شفقت منگی کو معطل کر کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ ایس آئی او نے دعویٰ کیا کہ ملزم گزری تھانے سے فرار ہوا تھا، فرار ملزم کی گرفتاری کیلیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
پنجاب پولیس کی جانب سے حوالے کیے گئے ملزم کو گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرانے کے معاملے پر بھی انکوائری کی گئی۔
فرار ملزم ریاست کے خلاف بوٹ بیسن، گزری اور کلفٹن تھانے میں گھروں میں ڈکیتی کے 3 مقدمات درج تھے جن میں ملزم کی نشان دہی ہو چکی تھی۔
ملزم کے خلاف سندھ اور پنجاب میں چوری اور لوٹ مار سمیت دیگر جرائم کے 100 سے زائد مقدمات درج تھے۔



