کراچی : شارع فیصل میٹرو پول کے قریب فائرنگ سے ایک رکشہ سوار شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، ملزمان نے بیوی کے سامنے ڈاکٹر کو گولی مار دی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقتول کی شناخت 37 سالہ ڈاکٹر سارنگ کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس کے مطابق کار سوار مسلح ملزمان نے نجی ہوٹل کے قریب رکشہ روک کر ڈاکٹر سارنگ کو گولی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے بیوی کے سامنے فائرنگ کرکے ڈاکٹر کو قتل کیا اور باآّسانی فرار ہوگئے۔
مقتول ڈاکٹر سارنگ اپنی اہلیہ کے ہمراہ کینٹ اسٹیشن سے رکشہ میں گھر جارہا تھا کہ ملزمان نے شارع فیصل میٹرو پول کے قریب راستہ روک لیا۔
مقتول سارنگ نجی اسپتال میں ڈاکٹر تھا جو کراچی پریس کلب کے قریبی علاقے کا رہائشی تھا، شارع فیصل پر فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
نیو کراچی میں فائرنگ سے تاجر زخمی
دوسرے واقعے میں نیو کراچی تھانے کی حدود میں ملزمان نے صنعت کار پر فائرنگ کردی، واقعے میں نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے ممبر فرزند علی زخمی ہوئے۔
اس حوالے سے نکاٹی کے صدر نے میڈیا کو بتایا کہ فرزند علی کو 2 گولیاں لگیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، فائرنگ کا واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ ہے۔
اطلاع ملتے ہی تاجروں و صنعت کاروں کی بڑی تعداد مقامی اسپتال پہنچ گئی۔ تاجروں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فائرنگ کے واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے۔
ملزمان کو جلد از جلد گبرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پولیس کے مطابق چند ماہ قبل بھی فرزند علی کے ساتھ بھتہ خوری کا واقعہ پیش آیا تھا۔



