لاہور (21 ستمبر 2025): دو چینی کمپنیوں نے پنجاب میں آرگینک کھاد اور سی پی وی سی پائپ کی مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع سے چین کی دو بڑی کمپنیوں کے حکام نے ملاقات کی، اس دوران پنجاب میں سرمایہ کاری پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
چینی کمپنیوں نے مصنوعات کی مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا عندیہ دیا۔ شینڈوگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ پنجاب میں آرگینک کھاد کا کارخانہ لگائے گا جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا اور زمین کی پیداواری صلاحیت بڑھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنیوں کیساتھ تاریخی معاہدہ طے
تائیذوحواجیان کمپنی پنجاب میں ماحول دوست سی پی وی سی پائپ تیار کرے گی، پہلی بار کلورین استعمال کر کے ماحول دوست پائپ بنیں گے۔
چوہدری شافع نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، چین کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کو سرمایہ کاری کیلیے منتخب کیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے پاک چین تجارتی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، پنجاب کے صنعتی مراکز میں تیزی سے نئے صنعتی یونٹس قائم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئے کارخانوں سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، پنجاب صنعتی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔



