اسلام آباد (17 ستمبر 2025): چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کی آج کے مقدمات کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔
عدالتی اسٹاف نے بتایا کہ سنگل اور ڈویژن بینچ میں جسٹس سرفراز ڈوگر آج مقدمات نہیں سنیں گے، تاہم اسٹاف نے اس کی وجہ سے آگاہ نہیں کیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روکا گیا تھا جس کے خلاف وکلا نے آج ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بطور جج تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ان کو جوڈیشل ورک سے روکا۔
ڈویژن بینچ نے جسٹس طارق جہانگیری کو سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک بطور جج کام سے روکنے کا حکم جاری کیا اور سینئر قانون دان بیرسٹر ظفر اللہ خان اور اشتر علی اوصاف کو عدالتی معاون مقرر کیا گیا۔
اٹارنی جنرل سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر معاونت بھی طلب کی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ ڈویژن بینچ نے درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔



