اکثر کہا جاتا ہے کہ پیروں کو گرم پانی میں ڈبونے سے درد اور تھکاوٹ دور ہو جاتی ہے، اور تحقیق بھی اس بات کی تائید کرتی ہے کہ یہ معمولی نظر آنے والا عمل جسم پر حیران کن مثبت اثرات چھوڑتا ہے۔
گرم پانی نہ صرف پیروں کے درد اور تناؤ کو کم کرتا ہے بلکہ پورے جسم کو سکون بخشتا ہے اور دن بھر کی تھکاوٹ کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پیروں کو گرم پانی میں رکھنے سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے، جس سے پٹھوں کی اکڑن اور رگوں میں موجود تناؤ کم ہو جاتا ہے۔ وہ لوگ جو دن بھر کھڑے رہ کر کام کرتے ہیں یا جنہیں ٹانگوں میں درد اور بھاری پن محسوس ہوتا ہے، اس طریقے سے خاص فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
نیشنل لائبریری آف میڈیسن کی رپورٹ کے مطابق گرم پانی جسم کے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ کرتا ہے، جس کے نتیجے میں خون کا بہاؤ تیز ہوتا ہے۔ خون کی بہتر گردش سوزش کم کرتی ہے، تناؤ میں کمی لاتی ہے اور دل کی صحت پر بھی اچھا اثر ڈال سکتی ہے۔
جوڑوں اور پٹھوں کے درد میں مؤثر
اگر آپ جوڑوں کے درد، پٹھوں کی کھنچاؤ یا پلانٹر فاسائٹس جیسے مسائل کا شکار ہیں تو گرم پانی میں پیروں کو ڈبونا درد میں نمایاں کمی لاسکتا ہے۔ یہ گرمی پٹھوں کو نرم کرتی ہے اور جوڑوں کی سختی دور کرتی ہے۔
کیا یہ طریقہ محفوظ ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیروں کو گرم پانی میں بھگونا مکمل طور پر محفوظ ہے، بشرطیکہ پانی بہت زیادہ گرم نہ ہو۔ یہ طریقہ تھکے ہوئے، سوجے ہوئے یا دباؤ کا شکار پیروں کے لیے بہترین علاج سمجھا جاتا ہے۔ پاؤں جسم کا بنیادی سہارا ہیں، اس لیے ان کی دیکھ بھال پورے جسم کی صحت پر اثرانداز ہوتی ہے۔
نمک ملانے کے فائدے
اگر گرم پانی میں ایپسم نمک یا راک نمک ملا لیا جائے تو اس کے فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں۔ نمک سوجن کم کرتا ہے، جلد کو آرام دیتا ہے اور پیروں کی بدبو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس عمل سے جسم سے زہریلے مادے خارج ہونے میں بھی مدد ملتی ہے۔
بخار اور نیند کے لیے فائدہ مند
قدیم گھریلو طریقوں کے مطابق بخار کی صورت میں پاؤں کو نیم گرم پانی میں بھگونا جسم کے درجہ حرارت کو متوازن کرتا ہے اور بخار کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اگر ساتھ ہی ماتھے پر ٹھنڈا کپڑا رکھ لیا جائے تو اس کا اثر اور زیادہ مؤثر ہو جاتا ہے۔
اس کے علاوہ، سونے سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ پہلے پیروں کو گرم پانی میں رکھنے سے بے خوابی میں بھی کمی آتی ہے۔ یہ عمل ذہنی تناؤ گھٹاتا ہے اور دماغ کو آرام دے کر بہتر نیند کا باعث بنتا ہے۔
مجموعی طور پر، پیروں کو گرم پانی میں بھگونا ایک سستا، محفوظ اور آسان طریقہ ہے جو جسمانی درد، ذہنی تناؤ اور نیند کے مسائل سے نجات دلانے میں مدد کر سکتا ہے۔ اگر آپ روزمرہ کے دباؤ سے تھک چکے ہیں، تو یہ معمول آپ کی زندگی میں واضح تبدیلی لا سکتا ہے۔



