مالدیپ : پاکستان فٹبال ٹیم نے 24 سال بعد چار ملکی ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
قومی ٹیم نے فائنل میں افغانستان کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر 24 برس بعد کسی بین الاقوامی ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
مالدیپ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول شایق دوست نے میچ کے 24ویں منٹ میں اسکور کیا، جس کے بعد قومی ٹیم کو برتری حاصل ہوگئی، مقابلے کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے ایک اور گول کرکے افغانستان کی واپسی کی امیدیں بھی ختم کردیں۔
قومی فٹبال ٹیم نے پورے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ گروپ مرحلے میں پاکستان نے میزبان مالدیپ اور افغانستان کو شکست دی جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ برابر رہا۔
Diamond Jubilee International Football Cup winners!!!
Waited nearly 24 years of watching #PakistanFootball to win a senior trophy! Any trophy!
PAKISTAN ZINDABAD! pic.twitter.com/DzogLDX5u7
— FootballPakistan.com (@FootballPak) June 10, 2026
یہ کامیابی پاکستانی فٹبال کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جارہی ہے، پاکستان اس سے قبل 1962 میں مردیکا کپ کے فائنل تک پہنچا تھا، تاہم اب 74 سال بعد قومی ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر ٹائٹل جیت کر شائقین کو خوشی کی بڑی خبر دی ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور پوری قوم کو تاریخی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی انعام کا اعلان بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ملک میں فٹبال کے فروغ اور بحالی کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔



