اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پولینڈ کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ رادوساؤ سیکورسکی نے 23-24 اکتوبر 2025 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کی علامت ہے جس میں دونوں ممالک اور ان کے متعلقہ خطوں میں زیادہ پرامن، استحکام اور معاشی خوشحالی لانے کے لئے دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ تاریخی ورثے کی پائیدار تعلق کو اجاگر کیا جو پولینڈ جنگ کے پناہ گزینوں کے تجربات کے وقت سے تشکیل پایا ہے جنہیں آج کے پاکستان کے میں پناہ ملی اور پولش مسلح افواج کے افسران کی خدمات جنہوں نے دوسری جنگ عظیم کے فوری بعد پاکستان فضائیہ کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے اپنی قوموں میں بہتر مفاہمت کے لئے اس ورثے کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کے اپنے عزم کی تجدید کی۔
دونوں وزراء نے نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت میں سیاسی اور سفارتی تعلقات کی قدر و اہمیت کا اعتراف کیا۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ سیاسی مکالمہ کو مضبوط بنانے اور باہمی فائدے کے اقدامات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون کو بڑھانے کے لئے باقاعدہ اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس مقصد کے لئے دونوں فریقوں نے سالانہ بنیاد پر دوطرفہ سیاسی مشاورت منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی تنظیموں کے انتخابات میں باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔پارلیمانی رابطوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزرائے خارجہ نے اپنی مقننہ (پارلیمنٹس) کے درمیان تبادلے اور تعاون کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا۔
وزرائے خارجہ نے متعلقہ وزارتوں خارجہ کے درمیان سفارتی رابطوں اور تبادلوں کو مزید آگے بڑھانے کے مقصد سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی توثیق کی۔پولینڈ کی جانب سے یوکرین جنگ کے بارے میں جبکہ پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر تنازعہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
دونوں فریقوں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی مکمل پاسداری میں تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا، یورپ اور اس سے باہر علاقائی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مکالمہ اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا اور امن، استحکام اور انسانیت دوست اصولوں کو برقرار رکھنے میں بین الاقوامی یکجہتی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پولینڈ کے وزیر خارجہ رادوسواف سیکورسکی نے پاکستان کی میزبانی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے اپنے ہم منصب اسحاق ڈار کو پولینڈ کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔



