اسلام آباد : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں 30منٹ سے زیادہ دوستانہ گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہبازشریف اورایرانی صدر نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ خطے میں امن کی کوششوں پر وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
صدر پزشکیان سعودی عرب، قطر، ترکیہ و دیگرعلاقائی ملکوں کا امن کوششوں میں شریک ہونا بھی قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی صدر سے ایک بار پھر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کیلئے انتھک کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے امریکا ایران کے درمیان امن معاہدہ جلد طے ہوجائے گا، یہ معاہدہ ایرانی قوم کے وقار اورعزت نفس کے عین مطابق ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں قیام امن سے ایران کی حقیقی معاشی صلاحیت بروئے کار آئے گی، ایران کی معاشی صلاحیت سے پور اخطہ مستفید ہوگا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا، خطے میں امن کی بحالی پر دونوں ممالک کیلئے روشن اورخوشحال مستقبل موجود ہے۔
ٹیلیفونک بات چیت میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے باہمی رابطے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر غیر مشروط اتفاق کیا گیا۔



