لاہور (18/9/2025) پولیس نے ڈیفنس میں اہل خانہ کو یرغمال بنا کر دوست کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈیفنس میں دوست نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر دوست کو قتل کر دیا، ملزم احمد ایک دن پہلے گھر میں داخل ہوا تھا اور اہل خانہ کو رسیوں سے باندھ رکھا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور مقتول 32 سالہ حسن کی لاش دروازے توڑ کر کمرے سے باہر نکالی گئی۔
پولیس کے مطابق مقتول کے دوست ملزم احمد نے لین دین کے تنازع پر مقتول حسن کے سر پر ہتھوڑے مارے اور پھر چاقو کے وار سے قتل کیا، ملزم نے مقتول کی لاش کپڑوں میں لپیٹ رکھی تھی اور کمرہ اندر سے بند کر رکھا تھا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ایس پی کینٹ بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں : جھگڑے کے دوران دوست کی کال پر مداخلت کیلیے آنیوالا طالب علم قتل
ایس پی کینٹ لاہور کے مطابق گرفتار ملزم احمد سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے، مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں ملزم احمد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔



