اسلام آباد : ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
ملک کے چھوٹے بڑے تمام شہروں اور دیہات میں نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے، عید کے خطبات میں حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیل ؑ کی عظیم قربانی کو یاد کیا جائے گا۔
اُمت مسلمہ کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، عیدالاضحیٰ پرسنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئےجانوروں کی قربانی کی جائے گی۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نواب شاہ میں عید منائیں گے، نماز عید زرداری ہاؤس میں ادا کریں گے بعد ازاں وہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور والدین کی قبروں پر حاضری دیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف ماڈل ٹاؤن لاہورمیں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کریں گے۔ قائد مسلم لیگ(ن)نوازشریف جاتی امرا لاہورمیں نمازعید پڑھیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور میں عید الاضحیٰ منائیں گی۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈی آئی خان میں عیدالاضحیٰ کی نمازادا کریں گے، مولانا فضل الرحمان عید کے تینوں دن اپنے آبائی علاقے عبدالخیل میں گزاریں گےاس کے علاوہ حروں کے روحانی پیشوا پیرصاحب پگارا عیدالاضحیٰ درگاہ شریف پیرجو گوٹھ میں منائیں گے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
بلدیاتی اداروں کی جانب سے آلائشوں اور دیگر فضلہ جات کی بروقت تلفی کے لیے خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔



