لاہور : ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول اتھارٹی پنجاب نے 8 اقسام کی مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کی فروخت فوری طور پر روکنے اور واپس کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں 8 اقسام کی ناقص و غیر معیاری ادویات کی تفصیلات اور واپسی کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ڈیلرز، ہول سیلرز یا ریٹلرز کے پاس متعلقہ مصنوعات کے بیچ موجود ہیں تو انہیں فوری طور پر واپس کردیا جائے۔
الرٹ میں ناقص معیار کی 8 ادویات کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں، جو ادویات کی طاقت کے ٹیسٹ میں ناکام، غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور قوانین کے مطابق غلط لیبلنگ کی مرتکب پائی گئیں۔

اور ساتھ ہی عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان ادویات کا استعمال فوری طور پر بند کردیا جائے کیونکہ یہ صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول اتھارٹی پنجاب نے فارمیسیز، تھوک فروش اور ڈسٹری بیوٹرز کو ان ادویات کی فروخت فوری طور پر روکنے اور اسٹاک کی تفصیل متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نزلہ زکام میں مبتلا افراد کو ہاتھ ملانے سے گریز کرنا چاہیے، ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنا ضروری ہے اور ماسک کا استعمال بھی لازمی کرنا چاہیے۔
ماہرین نے یہ بھی مشورہ دیا کہ شہری اپنی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے اچھی غذا کا استعمال کریں تاکہ بیماریوں سے بچا جاسکے۔



