اسلام آباد : ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز رانا عمران سکندر نے بانی پی ٹی آئی کے آنکھ کے علاج سے متعلق تمام تر تفصیلات سے آگاہ کردیا۔
اس حوالے سے جاری ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو کچھ روز قبل پمز اسپتال لایا گیا تھا، انہوں نے دائیں آنکھ میں بینائی میں کمی کی شکایت کی تھی۔
رانا عمران سکندر نے کہا کہ سینئر ڈاکٹر نے اڈیالہ جیل میں تحریک اںصاف کے بانی کی آنکھوں کا مکمل معائنہ کیا تھا،ان کی دائیں آنکھ کے ضروری ٹیسٹ تفصیلی طور پرکیے گئے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے بتایا کہ بانی کی دائیں آنکھ کا سِلِٹ لیمپ معائنہ اور فنڈو اسکوپی کی گئی، آنکھ کے اندر دباؤ کی پیمائش، ضروری ٹیسٹ، ریٹینا کی او سی ٹی کی گئی۔
انہوں نے بتایاکہ ان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کے بعد سینئر ڈاکٹر نے بانی پی ٹی آئی مزید علاج کیلئے اسپتال بھیجنے کی سفارش کی۔
رانا عمران سکندر نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بانی پی ٹی آئی کو تجویز کردہ علاج کیلئے پمز لایا گیا تھا، ان کو مرض اور علاج تفصیل سے سمجھایا گیا۔
علاج سے پہلےبانی پی ٹی آئی سے باقاعدہ تحریری رضامندی بھی حاصل کی گئی تھی ،
ان کا علاج آپریشن تھیٹر میں جراثیم سے پاک ماحول اور نگرانی میں کیا گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز راناعمران سکندر نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج تقریباً 20 منٹ میں بخیرو خوبی مکمل ہوا، علاج کے دوران مریض کی وائٹل علامات مستحکم رہیں، ان کو ضروری ہدایات، فالو اپ مشورے اور دستاویز کے ساتھ ڈسچارج کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی رات میں اسپتال منتقلی اور علاج کی خبریں! حقیقت سامنے آگئی



