کراچی : پی آئی اے انجینئرنگ کی جانب سے کام چھوڑنے کے مسئلہ کے حل کیلیے انتظامیہ نے متبادل انتظام کرلیا، بہت جلد تمام پروازیں روانہ کردی جائیں گی۔
اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ دوسری ائیر لائنز سے متبادل انجینئرز کی خدمات حاصل کررہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سوسائٹی آف ائیر کرافٹ انجینئرز کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، جلد تمام پروازیں روانہ کردی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ائیر کرافٹ انجینئرز کی تحریک کا بنیادی مقصد حتمی مراحل میں داخل ادارے کی نجکاری کو سبوتاژ کرنا ہے۔
سیفٹی کا بہانہ بنا کر ایک منصوبے کے تحت بیک وقت کام چھوڑنا مذموم اور منظم سازش ہے، جس کا مقصدپی آئی اے کے مسافروں کو زحمت دینا اور انتظامیہ پر ناجائز دباؤ ڈالنا ہے۔
پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ ہے جس کے تحت ہڑتال، کام چھوڑنا قانوناً جرم ہے، ایسی کارروائیوں میں مشغول یا اس کی پشت پناہی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔
مزید پڑھیں : ملک بھر میں پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن رک گیا
واضح رہے کہ ایئر کرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے باعث ملک بھر میں قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن رک گیا ہے، پی آئی اے انتظامیہ اور ایئر کرافٹ انجینئرز کے درمیان تنازع کے سبب پروازیں روانہ نہیں ہو رہیں۔
سوسائٹی آف ایئر کرافٹ انجینئرز سیپ کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ایئر کرافٹ انجینئرز نے طیاروں کی کلیرنس روک دی جس سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، سی ای او کا رویے ٹھیک ہونے تک کام نہیں کرینگے۔



