تہران : ایرانی سرکاری میڈیا نے امریکا ایران مجوزہ معاہدے کی یادداشتِ مفاہمت سے متعلق ابتدائی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت امریکی افواج ایران کے اطراف کے علاقوں سے واپس چلی جائیں گی، امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرے گی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران ایک ماہ میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت جنگ سے پہلے کی طرح بحال کرے گا۔
اس کے علاوہ اس مجوزہ مسودے میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکی فوجی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز میں آزادانہ آمد و رفت کی اجازت اس معاہدے کا حصہ نہیں ہوگی، عمان کے تعاون سے آبنائے ہرمز میں روٹس کا انتظام ایران کرے گا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ 60روز میں معاہدہ ہونے پر سلامتی کونسل کی پابند قرارداد کی شکل دی جائے گی۔
غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا کی جانب سے معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوگئیں، اب تک خام تیل کی قیمتیں 90ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہوگئیں۔



