شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کرگئے۔
احسن خان پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے معروف اداکار ہیں جنہوں نے ’فراڈ‘ سمیت کئی ہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
اداکار کا نیا ڈرامہ بہت جلد نجی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
تاہم آج احسن نے ایک افسوسناک خبر شیئر کی ہے کہ ان کے والد کا انتقال ہوگیا ہے، انہوں نے والد کی تصویر کے ساتھ دل کو چھو لینے والا پیغام لکھا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ کچھ نقصانات ہمیں سب سے بڑی سچائی کی یاد دلاتے ہیں کہ اس دنیا میں کچھ بھی مستقل نہیں ہے اور ہر چیز اللہ ہی کی ہے، میرے والد واقعی ایک بہترین انسان تھے اور میں آج جو کچھ بھی ہوں ان ہی کی بدولت ہوں، میں ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں مجھ سے رابطہ کیا، محبت کا اظہار کیا اور میرے ساتھ کھڑے رہے۔
احسن خان نے لکھا کہ آپ کی اس ہمدردی نے مجھے یہ احساس دلایا کہ میں کبھی اکیلا نہیں تھا اور یہ میرے لیے اس سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے جتنا آپ کبھی جان پائیں گے۔

اداکار کے مداح، دوست اور سوشل میڈیا صارفین ان کے اور اہل خانہ سے دلی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کر رہے ہیں، اللہ ان کے والد کی روح کو جوارِ رحمت میں جگہ دے، آمین!



