شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی ایکشن سین کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری میں اداکار آغا علی نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کی اطلاع مداحوں کو دی۔
انہوں نے لکھا کہ ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران ریہرسل مکمل ہونے کے باوجود ساتھی اداکار کا جوتا ان کے ہاتھ پر لگ گیا جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئیں اور ہاتھ زخمی ہوگیا۔

اداکار نے بتایا کہ اس اچانک حادثے کے باوجود شوٹنگ روکنے کے بجائے اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
یہ پڑھیں: آغا علی نے دوسری شادی کے سوال پر کیا جواب دیا؟
آغا علی کے مطابق میں نے زخموں کو میک اپ کے ذریعے چھپایا اور رات گئے تقریباً 4 بجے تک کام مکمل کیا کیونکہ بطور فنکار اپنی ذمے داری نبھانا ضروری ہوتا ہے چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔
اداکار نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا سفر آسان نہیں ہوتا راستے میں مشکلات ضرور آتی ہیں لیکن مستقل مزاجی اور ہمت ہی انسان کو منزل تک پہنچاتی ہے۔
بعدازاں اداکار نے ویڈیو پیغام میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اب کافی بہتر ہوں اور ہاتھ تھوڑی سی سوجن ہے جو جلد ٹھیک ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ اداکار آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے شادی کی تھی لیکن چند سال بعد دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی۔



