اسلام آباد (9 دسمبر 2025): وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے میں روزانہ کی آمدن پچھلے 30 سال کا ریکارڈ توڑ رہی ہے۔
اے پی پی کے مطابق حنیف عباسی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پچھلے 8 ماہ میں ریلوے میں اصلاحات کے باعث یومیہ آمدن میں غیر معمولی اضافہ ہوا جس میں مسافر اور فریٹ آمدنی دونوں شامل ہیں۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ گزشتہ 15 دنوں سے روزانہ تقریباً 300 ملین روپے کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر ریلوے کی ہدایت پر کرایوں میں واضح کمی کر دی گئی
انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے کی جدید کاری اور اصلاحات کے عمل کے تحت پورے پاکستان میں ریلوے ڈیجیٹلائز کیا جا چکا ہے اور ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور نوکنڈی سے روہڑی اور روہڑی سے کراچی تک ٹریک بہت جلد بہتر کیا جائے گا جس کیلیے معاہدے مکمل ہو چکے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں حنیف عباسی نے کہا کہ رواں مالی سال میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنایا جائے گا اور تمام مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں گے جبکہ 31 دسمبر 2026 تک تمام منصوبے مکمل کر لیے جائیں گے۔



