سینئر اداکارہ نائمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اشفاق احمد ان کے قریبی رشتے دار تھے۔
شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نائمہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
نائمہ خان نے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ معروف ادیب اشفاق احمد ان کے رشتے میں ماموں تھے، اگرچہ سگے نہیں لیکن بہت قریبی تھے اور انہوں نے سختی سے ہدایت کی تھی کہ وہ میڈیا میں اس تعلق کے بارے میں کبھی ذکر نہ کریں، کیونکہ ان کے مطابق اگر یہ بات منظر عام پر آگئی تو لوگ ان کو صرف اس رشتے سے پہچانیں گے اور ان کی اپنی شناخت دب جائے گی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اشفاق احمد انہیں بہت پیار کرتے تھے، وہ ان کی گود میں کھیلی ہیں، لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی محنت سے کام کیا اور کسی تعلق کا فائدہ نہیں اٹھایا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اشفاق احمد نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں ان سے فرمائش کی تھی کہ گھر پر ایک مٹکہ پارٹی رکھیں، جس میں کچی لسی اور ٹھنڈے آم رکھے جائیں، وہ اس بات پر راضی ہوگئی تھیں، مگر انہی دنوں وہ بچوں کے ساتھ لندن چلی گئیں اور اسی دوران اشفاق احمد کا انتقال ہوگیا۔
نائمہ خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ وہ اپنے ماموں کی آخری خواہش پوری نہیں کرسکیں۔



