پاکستان کے سابق اسٹار آف اسپنر سعید اجمل فیصل آباد میں ہونے والے انٹرنیشنل میچز کےلیے نظرانداز کرنے کا شکوہ زبان پر لے آئے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے انکشاف کیا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچوں کی دعوت کےلیے پی سی بی کی طرف سے مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا۔
سعیداجمل نے 17 سال بعد فیصل آباد میں ہونے والے کرکٹ کے انٹرنیشنل مقابلے میں نہ بلانے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میں فیصل آباد گراؤنڈ کی کمیٹی کا ممبر ہوں لیکن میچ کےلیے دعوت نہیں دی گئی۔
سابق آف اسپنر نے کہا کہ سابق کھلاڑیوں کو عزت دینی چاہیے، میچ کےلیےدعوت نہیں دی گئی، مینجمنٹ سابق کھلاڑیوں سے فائدہ لینے کی کوشش ہی نہیں کرتی۔
اسی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بیٹنگ کرلے تو فیلڈنگ اور بالنگ نہیں ہوتی۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو کوئی فکر نہیں ہے، ہماری ٹیم میچ ہار رہی تھی اور کھلاڑی ہنس رہے تھے۔



