کراچی : کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں جگہ جگہ فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر پورٹیبل کرسیاں اور میزوں کے ساتھ قائم چائے خانوں اور ہوٹلوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔
بدھ کو جاری کیے کمشنرآفس کے ہینڈ آوٹ کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے ضلع میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم ہونے والے چائے کے ہوٹلز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔
کمشنرکراچی نے سڑکوں، فٹ پاتھ، گرین بیلٹ پر قائم چائے خانوں اور ہوٹلوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 38 چائے خانے اور ہوٹلز سیل کردیے، کارروائیوں کے دوران کرسیاں، میزیں اور دیگر سامان ضبط کرکے مقدمات درج کرلیے۔
کمشنر کراچی نے حکم دیا ہے کہ آپریشن کے دوران ضبط سامان قانونی کارروائی کے بغیر واپس نہیں ہوگا، ضلع وسطی میں 30،جنوبی میں7 اور کورنگی میں ایک ہوٹل کو سیل کیا گیا۔
اس کے علاوہ ضلع وسطی میں ناظم آباد، مجاہد کالونی، نارتھ ناظم آباد، حیدری میں کارروائیاں کیں، گلبرگ میں پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی راہ میں قائم 15 دکانوں کیخلاف بھی کارروائی کی۔
ضلع جنوبی میں پی آئی ڈی سی پر رات گئے کھلنے والے 2 چائے خانوں کو سیل کردیا گیا، نشتر روڈ پر تجاوزات کا سبب بننے والی 2 دکانیں سیل، برنس روڈ پر 3 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
ضلع شرقی میں صفورا، حسن اسکوائر سے عیسیٰ نگری تک ٹھیلوں پتھاروں کیخلاف کارروائی بن قاسم سب ڈویژن میں این فائیو ہائی وے پر اسٹیل ٹاؤن، شاہ ٹاؤن میں غیرقانونی اسٹرکچر منہدم کردیا۔
ماڈل کالونی میں تجاوزات مافیا کے افراد کیخلاف سعود آباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔



