کیلا ایک ایسا پھل ہے جسے ہر عمر کے افراد بچوں سے لے کر بوڑھوں تک باآسانی اور شوق سے کھاتے ہیں لیکن اگر کیلا خالی پیٹ کھانے میں احتیاط نہ کی جائے تو یہ پھل نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔
اپنی خوشبو، مٹھاس اور ذائقے کی وجہ سے یہ سب کا پسندیدہ پھل ہے، جبکہ غذائی اعتبار سے بھی بے حد مفید سمجھا جاتا ہے۔ مگر ماہرینِ غذائیت کے مطابق، کیلا خالی پیٹ کھانا ہر شخص کے لیے مناسب نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلا فوری توانائی کا بہترین ذریعہ ہے کیونکہ اس میں قدرتی مٹھاس، فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم جیسے اہم اجزا پائے جاتے ہیں۔ تاہم، خالی پیٹ اسے کھانے سے بعض افراد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کیلے میں موجود قدرتی شکر جیسے گلوکوز، فریکٹوز اور سوکروز، خون میں شوگر کی سطح کو تیزی سے بڑھا دیتے ہیں، مگر کچھ دیر بعد یہ اچانک گر بھی سکتی ہے، جس سے تھکن، بھوک اور چڑچڑاپن جیسی علامات پیدا ہو سکتی ہیں۔
اگرچہ کیلا الکلائن پھل سمجھا جاتا ہے، لیکن اس میں موجود تیزابی مادے (سائٹرک اور مالیک ایسڈ) خالی معدے پر تیزابیت یا بدہضمی کا باعث بن سکتے ہیں، خاص طور پر ان افراد کے لیے جنہیں معدے کے مسائل پہلے سے لاحق ہوں۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلا خالی پیٹ کھانے سے پوٹاشیم اور میگنیشیم کی مقدار خون میں اچانک بڑھ سکتی ہے، جو دل اور گردوں کی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، خاص طور پر اُن افراد میں جنہیں گردوں کے امراض ہوں۔
کچھ لوگ کیلا خالی پیٹ کھانے کے بعد اپھارہ، گیس یا متلی جیسی شکایات محسوس کرتے ہیں، خاص طور پر اگر کیلا مکمل طور پر پکا ہوا نہ ہو۔ کچے کیلے میں موجود نشاستہ دیر سے ہضم ہوتا ہے، جس سے ہاضمے میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کیلا ناشتے میں ضرور کھائیں مگر اکیلا نہیں، اسے دہی، بادام یا چیا سیڈز کے ساتھ شامل کریں۔ایک وقت میں صرف ایک کیلا کھانا کافی ہے۔ زیادہ مقدار میں کھانے سے شوگر اور پوٹاشیم کی سطح خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔
یاد رکھیں !! کیلے کو دودھ یا آئس کریم کے ساتھ کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ یہ عمل ہاضمے کو متاثر کرسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔



