ایشیا کپ 2025 فائنل میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر شعیب اختر نے پاکستان ٹیم کی بڑی غلطیوں کی نشاندہی کردی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیم کا مڈل آرڈر گزشتہ کافی عرصے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپا رہا جس کی شدید ضرورت ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ حسن نواز اور کسی فاسٹ بالر کو بھی لازمی کھلائیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے اسٹارٹ اچھا کیا لیکن مڈل آڈر بیٹسمین توقعات پر پورا نہ اتر سکے، ورنہ بھارت کو 170 یا 175 کا ہدف باآسانی دے سکتے تھے اور جب اسپنرز بالنگ کررہے تھے تو کپتان کو انہیں ہٹانا نہیں چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ وکٹ بڑی اچھی تھی، لیکن کھلاڑیوں کے پاس کوئی گیم پلان نہیں تھا۔ پاکستان نے شروع میں بھارت کو گردن سے پکڑ لیا تھا اور بھارتی ٹیم واضح دباؤ میں دکھائی دے رہی تھی۔
جب نواز بالنگ کررہا تھا تو اس کو ہٹا کر حارث کو نہیں لانا چاہیے تھا میچ وہیں سے تبدیل ہونا شروع ہوگیا تھا اس کے علاوہ حارث نے جو تلک ورما کا رن آؤٹ مس کیا وہ ٹیم کیلیے بہت نقصان دہ ثابت ہوا۔
سلمان علی آغا کی ناقص کپتانی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شعیب اختر نے کہا کہ قصور ان کا نہیں ان کو لانے والوں کا ہے، کیونکہ جب آپ معمولی یا اوسط درجے کے کھلاڑیوں کو آگے لائیں گے تو ایسے ہی نتائج سامنے آئیں گے۔



