(21 ستمبر 2025): ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلسازی سے بچے ظاہر کر کے بیرون ملک جانے والے 5 مسافر آف لوڈ کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جعل سازی کرنے والے مسافر بذریعہ تھائی لینڈ وزٹ ویزے پر ہاکنگ کانگ جا رہے تھے، مسافروں میں بشری، امجد علی، علیزے شاہین، محمد عدنان اور ذیشان علی خان ہیں، مسافر امجد علی خاتون مسافر بشری کا حقیقی بیٹا ہے جبکہ دیگر مسافروں کو بچے ظاہر کر کے بیرون ملک لیجانے کی کوشش کی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق علیزے شاہین، محمد عدنان اور ذیشان علی نامی مسافر بشری نامی خاتون مسافر کے حقیقی بچے نہیں ہیں، مسافروں کے گھر والوں نے فی کس 1 کروڑ 50 لاکھ روپے ایجنٹ کو ادا کئے، ایجنٹ نے جعل سازی کرتے ہوئے تینوں بچوں کے نادرا ریکارڈ کو تبدیل کیا اور ایجنٹ نے بھاری رقوم وصول کر کے تینوں بچوں کو اعجاز علی کے فیملی ریکارڈ میں شامل کیا اور نادرا ریکارڈ میں تینوں مسافروں کا پتہ صوابی ظاہر کیا گیا۔
تفتیش کے مطابق علیزے شاہین، محمد عدنان اور ذیشان علی کا تعلق سرگودھا، اٹک اور خوشاب سے ہے، مسافروں کو ائیرپورٹ میں فیسیلیٹیشن دینے میں ملوث پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے اہلکار کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے اہلکار سے رابطے میں ملوث عناصر کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کر لی گئی، مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نادرا اور پاسپورٹ اہلکاروں کے ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔



